منیلا: فلپائن میں ایک گھر میں خوف ناک آگ لگنے سے 16 افراد ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق دارالحکومت منیلا کے ایک گھر میں آگ لگنے سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ آتشزدگی کا شکار ہونے والا گھر 2 منزلہ تھا، جس میں 16 افراد جل کر ہلاک ہو گئے۔جس گھر میں آگ لگی وہاں مالک مکان اپنے رشتے داروں کے ساتھ رہ رہا تھا، دونوں منزلوں پر مجموعی طور پر 3 خاندان رہتے تھے۔
رہائشی عمارت کے زیر زمین منزل میں کپڑوں کی پرنٹنگ کی جاتی تھی اور وہیں کپڑوں کا گودام بھی تھا اور مبینہ طور پر آگ اسی میں لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر میں پھیل گئی۔ہلاک ہونے والوں میں مالک مکان، اہل خانہ اور ملازمین شامل ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے 3 گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کے عمل میں مزید 2 گھنٹے لگ گئے۔ امدادی کاموں کے دوران 16 لاشیں نکالی گئیں اور 3 افراد کو شدید زخمی حالت میں منتقل کیا گیا۔

