کراچی:وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سےاسمگلنگ کی روک تھام اور اسمگل شدہ اشیا کی حوصلہ شکنی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمگلروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، پی ایس او گردشی قرضہ کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔
پی ایس او ہاوس کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پی ایس او انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کی معروف توانائی کمپنی ہونے کے ناطے گردشی قرضے کو کم سے کم کرے۔
اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) سید محمد طحہ نے مجموعی کارکردگی اور پی ایس او کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر کو بتایا کہ پی ایس او کا ملک بھر میں 3500 آٹ لیٹس کا وسیع نیٹ ورک ہے۔
بعد ازاں نگراں وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے سربراہان نے سیکرٹری جنرل آئل مارکیٹنگ کمپنیز ڈاکٹر نذیر عباس زیدی کی سربراہی میں ملاقات بھی کی، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے وفد نے اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔
نگراں وفاقی وزیر برائے توانائی نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور ایڈیشنل سیکریٹری انچارج وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ وہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
