لاہور:امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں ، پٹرول کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے ،مہنگائی اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کے خلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں23,22,21 ستمبر کو گورنر ہاوس لاہور کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ہمارا یہ عوامی احتجاجی دھرنا پر امن ہو گا، حکومت پنجاب ہمارے دھرنے میں رکاوٹ نہ ڈالے، جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لئے پرامن جدو جہد کررہی ہے ۔
اُنکا کہنا تھاکہ گورنر ہاؤس لاہور کے باہر تین روزہ احتجاجی دھرنے میں لاہور کے عوام ،طلباء اساتذہ ،وکلاء ،علماء کرام سمیت سول سوسائٹی کے نمائدے شرکت کریں گے۔جماعت اسلامی نے اپنی تحریک کا آغاز کر دیا ہے ۔ پاکستان اس وقت مسائل کی دلدل میں دھنستا چلا جا رہا ہے ۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ کسی کے پاس بھی عوام کو درپیش مسائل کے حل کا کوئی فارمولا نہیں۔ بجلی کی قیمت میں ریلیف کی بجائے پھر سے اضافہ کر دیا گیا ہے ، اشرافیہ کی عیاشیوں کے لئے غریب عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے ۔ نگران حکومت کے فیصلے عوام کو اشتعال دلا رہے ہیں ۔
