سری نگر: بھارتی فوجی افسر نے اپنے ہی ساتھیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی، جس کے نتیجے میں کئی زخمی ہو گئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی میجر نے اپنے ہی ساتھی فوجیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 6 اہل کار زخمی ہو گئے جب کہ میجر نے کیمپ میں موجود کئی اہل کاروں کو یرغمال بنا لیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تھانہ منڈی، راجوڑی کے علاقے میں کیمپ میں موجود بھارتی میجر نے اپنے افسروں اور ساتھی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے کیمپ میں موجود متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنالیا۔ واضح رہے کہ اس طرح کا واقعہ بھارتی فوج میں پہلی بار رپورٹ نہیں ہوا۔ اس سے قبل بھی بھارتی فوجی اپنے ساتھیوں اور افسران پر گولیاں چلا چکے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق واقعہ راشٹریہ رائفلز میں پیش آیا، جو پہلا نہیں بلکہ اس سے قبل بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی خودکشیوں اور ساتھیوں کو فائرنگ کرنے کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ایک بھارتی تحقیقی رپورٹ کے مطابق پچھلے کچھ سالوں میں اب تک 82 ایسے واقعات ہوئے ہیں۔

