لاہور:پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات عامر میر کا کہنا ہے کہ اسموگ کی صورتحال گزشتہ سال کی نسبت اس بار بہتر ہے، اس بار صوبے بھر کے اسکولز بند نہیں کیے جائیں گے، تعلیمی سلسلہ جاری رہےگا۔
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اسموگ کا مسئلہ ہر سال پیدا ہوتا ہے اس پر بڑے فیصلے کئے ہیں، تمام محکمے اسموگ کے معاملے پر ملکر کام کر رہے ہیں، اسموگ کے معاملے پر دفعہ 144 کا نفاذ بھی کیاگیا تھا، اسموگ کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے مختلف کمیٹیاں قائم کیں ہیں ، جو اسموگ پھیلانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرکے عملی اقدامات کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت کم ہونے کا فائدہ عام آدمی کو پہنچائیں گے، گرا نفروشی کرنے والوں کے خلاف آرڈینس لا رہے ہیں، مجسٹریٹ کے جرمانوں کے اختیارات ہائیکورٹ نے ختم کر دیئے ۔
اُنکا کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کے ذریعے مجسٹریٹ کے اختیارات بحال کریں گے کیونکہ اگر سزا نہیں ہوگی تو گراں فروشی کیسے کم کریں گے وزیراعلیٰ نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ ہر سال پنجاب بھر میں اسکولز بند کرکے تعلیمی سلسلہ روک دیا جاتا ہے، اسموگ ہونے کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہوتاہے، جس کی وجہ سے اسکولز بند کردیے جاتے تھے۔
