ریاض ، ٹوکیو: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اہل غزہ کا تحفظ زیادہ ضروری ہے۔
جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فلسطین میں اسرائیلی حملے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں اسرائیل فلسطین کشیدگی کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے گفتگو میں مزید کہا کہ مملکت اسرائیل کی غزہ پر بمباری اور شہریوں کو نشانہ بنانے کو سنگین جرم تصور کرتی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے فلسطین خاص کر غزہ پر وحشیانہ بم باری جاری ہے، ایسے میں اہل غزہ کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے امن اور سلامتی کو کسی بھی طرح کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے جنگی کارروائیوں کوبند کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر بم باری کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ منگل کی شب غزہ کے الاہلی اسپتال پر صہیونی فوج کی اچانک بم باری میں 500 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے ہیں، جس کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی جا رہی ہے۔