میڈرڈ:اسپین کی وزیر برائے سوشل رائٹس IONE BELARRA نے غزہ میں گزشتہ 24 روز سے جاری جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے یورپی ممالک کے لیڈرز اور اپنے ملک کی عوام سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق IONE BELARRA نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے لوگ جہنم کی طرح راتیں بسر کر رہے ہیں، اسرائیل ناصرف ان لوگوں پر بڑے پیمانے پر بمباری کر رہا ہے جو اپنا دفاع بھی نہیں کر سکتے جن میں بچے، حاملہ خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں بلکہ اسرائیل نے غزہ کے لیے مواصلات کے تمام ذرائع، انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سے رابطے بھی منقطع کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا مجھے معلوم ہے کہ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ غزہ کے لوگوں کے لیے کون کچھ کر سکتا ہے، اگر ہم کچھ کیے بغیر انسانیت کے خلاف اسرائیلی جرائم کو دیکھتے رہے، اگر ہم نیتن یاہو کو اجازت دیتے رہے اور اقوام متحدہ کو ایک غیر فعال ادارہ بنا دیا اور اس کے سیکرٹری جنرل کی توہین کرتے رہے تو میرے پاس اس حوالے سے آج واضح پیغام ہے کہ میں بہت افسردہ اور غصے میں ہوں۔
