لندن: بھارتی نژاد برطانوی وزیر داخلہ سوئیلا بریورمین نے فلسطین کی حمایت میں احتجاج کو نفرت مارچ کا عنوان دے دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ نے بھی امریکا اور دیگر مغربی ممالک کی پیروی کرتے ہوئے اسرائیل نوازی کا مظاہرہ کیا اور صہیونی ریاست کے حملوں اور مسلسل بمباری میں خواتین و بچوں سمیت شہید اور زخمی ہونے والے ہزاروں اور بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والوں سے متعلق کہا کہ ایسے مظاہرے کرنے والوں کا مقصد اسرائیل کو ختم کرنا ہے۔
دوسری جانب مودی سرکار کی طرح مسلم دشمنی میں پیش پیش بھارتی نژاد متعصب برطانوی وزیر داخلہ کے صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کے خلاف احتجاج کرنے والوں سے متعلق غیر انسانی اور نامناسب مؤقف اختیار کرنے پر برطانوی ارکان اپرلیمان اور مختلف تنظیموں کی جانب سے سخت الفاظ میں تنقید کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے اسکاٹش لیبر پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ سائیلابریورمین نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے والوں سے متعلق بیان دے پر اپنی نفرت کا اظہار کیا ہے، جو یہاں رہنے والی مختلف کمیونیٹیز کے درمیان فاصلہ بڑھانے کا سبب بنے گا۔ دریں اثنا برطانوی ٹوری بیرونس سعیدہ وارثی نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ برطانیہ میں رہنے والی کمیونیٹیز کو تقسیم کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتیں۔
