ٹوکیو: جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں فلسطین کے دو ریاستی حل اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں ہونے والے جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں شرکا نے فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے انسانی بنیادوں پر غزہ پر ہونے والی بمباری کو فوری طور پر روکنے اور جنگ بند کرنے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
جاپانی وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات کا حل دو ریاستوں کا قیام ہے۔ جی-7 کے تمام رکن ممالک بھی فلسطین کے دو ریاستی حل کو درست سمجھتے ہیں اور اسی سے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ہوگا۔
بعد ازاں مشترکہ بیان جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ جی سیون ممالک غزہ میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر امداد، شہریوں کی نقل و حرکت اور سہولت فراہم کرنے کے لیے جنگ بندی اور راہداریاں کھولنے کی حمایت کرتے ہیں۔ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے یرغمال بنائے گئے تمام اسرائیلی و غیر ملکیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔
اجلاس کے اعلامیے میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ ایران حماس اور حزب اللہ کی فوجی اور مالی مدد کرنا بند کرے۔جی سیون ممالک نے ایرانی حکومت پر زور دیا سے ہے کہ وہ حماس اور لبنانی حزب اللہ کی حمایت ترک کرے۔ قبل ازیں جی سیون اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ رکن ممالک حماس کو فنڈز کی فراہمی روکنے سمیت دیگر اقدامات پر بھی کام کر رہے ہیں۔