اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی )کے رہنما مولاناعبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ فلسطین میں مظالم اور نسل کشی ہورہی ہے، اور اقوام متحدہ صرف امریکا کی لابی بنی ہوئی ہے، شرم کی بات ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ آج تک کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے قراردادوں پر عملدر آمد نہیں کر ا سکا، ہمیں حکمرانوں سے کوئی غیرت کی توقع نہیں ہے کہ وہ فلسطینیوں کیلئے نکلیں گے۔
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما نے کہا کہ غزہ کی صورتحال پر عرب لیگ خاموش ہے، کوئی ان کا ضمیر نہیں جھنجھوڑرہا، مسلم ممالک کے حکمران فلسطین کے مسئلے پر یک جا ہو کر آواز بلند کریں، فلسطین کا معاملہ صرف جہاد سے حل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر 2018 والا الیکشن ہوا تو پہلے سے زیادہ مزاحمت کریں گے،ملک میں صاف اور شفاف الیکشن ہونے چاہیے ، ابھی تک کسی پارٹی سے اتحاد کا سوچا نہیں، ایک فاشسٹ حکومت کو پی ڈی ایم نے چلتا کیا۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی اجازت مرکزی قیادت نے دی ہے، سندھ میں ہم جے ڈی اے الائنس کا حصہ ہو سکتے ہیں، بلوچستان میں بھی سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے، مسلم لیگ ن ہر جگہ موجود نہیں ہے۔