لاہور: پاکستان ریلوے کی جانب سے عوام ایکسپریس کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹرین بحال کیے جانے کے بعد اپنے پرانے روٹ کراچی تا لاہور اور لاہور تا پشاور چلے گی۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عوام ایکسپریس اگلے مہینے دسمبر میں شروع کردی جائے گی۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے ہیڈکوارٹر کی کیرج شاپ کے حکام کو اس حوالے سے 18بوگیاں تیار کرنے کی ہدایاتجاری کردی گئی ہیں۔ عوام ایکسپریس اکانومی کلاس، لوئر اے سی اور اے سی بزنس کلاس بوگیوں پر مشتمل ہوگی۔
واضح رہے کہ عوام ایکسپریس گزشتہ برس سندھ میں آنے والے سیلاب اور بعد کی صورت حال کی وجہ سے بند کردی گئی تھی۔
دوسری جانب ریلوے نے شالیمار ایکسپریس کو اپنے مقررہ روٹ کراچی لاہور کراچی براستہ ملتان اور فیصل آباد پر ایک ماہ کے لیے مزید توسیع دے دی ہے۔ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل کیا گیا ہے۔
