دوحہ: قطر میں اسرائیل اور حماس ایک ایسے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے جس میں 50 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں 5 روز کے لیے جنگ بندی کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں حماس کے پاس 200 سے زائد اسرائیلی یرغمال ہیں جن میں سے 50 بچوں اور خواتین کو رہا کرنے پر حماس نے رضامندی ظاہر کی ہے، اس کے بدلے میں اسرائیل بھی اپنی جیلوں میں قید 120 فلسطینی بچوں اور خواتین کو رہا کرے گا اورآنے والی امداد کے راستوں میں کوئی رکاوٹ پیدا ںہیں کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق اگر دونوں جانب سے یرغمالیوں کی رہائی پر عمل درآمد کردیا جاتا ہے تو غزہ میں 5 دن کے لیے جنگ بندی کی جائے گی، ان 5 دنوں میں یرغمالیوں کا تبادلہ کیا جائے گا، غیر ملکیوں کے انخلا کا عمل تیز ہوگا اور غزہ میں انسانی ضروریات کی چیزیں امداد کی شکل میں مہیا کی جائیں گی۔امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگر ایک بار جنگ میں تعطل آگیا تو یہ مکمل سیزفائر کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگا۔
اسرائیل اور حماس کی جانب سے تاحال مذاکرات کی کامیابی کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے، ان مذاکرات میں ثالثی کا کردار قطر ادا کر رہا ہے۔
