راولپنڈی:وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے راولپنڈی اوراسلام آباد میں کارروائیاں کرتے ہوئے ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں تنویر خالد اور جہانگیرگل شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ملزم جہانگیر گل کو صدر راولپنڈی جبکہ ملزم تنویر خالد کو جی 13 اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ملزم جہانگیر گل نے لوگوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے،ملزم کا نام انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز کی فہرست میں شامل تھا۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے بتایا کہ ملزم نے برطانیہ ملازمت کے نام پر متاثرین سے فی کس 21 لاکھ روپے وصول کیے۔
