اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے خلاف انٹرا پارٹی الیکشن کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسے غیر شفاف قرار دے دیا اور 20 روز میں دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے بعد 7 دن کے اندر پی ٹی آئی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروائے۔ 20 روز کے اندر انٹرا پارٹی الیکشن کروا لیے جائیں تو بلے کا نشان پی ٹی آئی کے پاس رہے گا، ورنہ واپس لے لیا جائے گا۔
فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا گیا یہ فیصلہ باعث افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ الیکشن کمیشن نے یہ نہیں کہا تھا کہ پارٹی الیکشن آئین کے مطابق نہیں ہوئےبلکہ کہا تھا کہ دستاویزات پورے نہیں ہیں، ہم الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے فیصلے کوچیلنج کریں گے۔
