کراچی:1977ء سے بچوں کے ادب کی ترویج و تخلیق میں کوشاں اُردوما ہ نامہ ساتھی کا خاص شمارہ بعنوان’’ سالنامہ براے سال ۲۰۲۳‘‘ منظرِ عام پر آگیا ہے، اس خاص شمارے میں بچوں کی ترجیحات کو مدِنظر رکھتے ہوئے خصوصی مضامین، ناول، نظمیں اور مزے دار کہانیاں شامل کی گئی ہیں۔
ماہ نامہ ساتھی کے مُدیر عبدالرحیم متقی نے کہا کہ بچوں کی نفسیاتی بلوغت کو اردو ادب میں کم ہی بحث میں لایا گیا ہے اور بچپن جیسے سنہری عہد کی رنگ برنگ سرگرمیوں اور معصوم لغزشوں پر قلم آرائی کی مثالیں ڈھونڈنا مشکل ہے جس کی کمی پوری کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ماہ نامہ ساتھی کئی دہائیوں سے بچوں کی تربیت میں ایک مرکزی کردار اد ا کررہا ہے، ماہ نامہ ساتھی کے سال نامہ دسمبر ۲۰۲۳ء دلچسپی سے بھر پور کہانیاں اور معلوماتی مضامین شامل کیے گئے جو اپنی نوعیت کے اس منفرد ادبی شاہ کار ہے، اس شمارے میں نظریاتی تحریروں کے ساتھ ساتھ دل چسپی، سنسنی خیز، معلوماتی یا کوئی سبق آموز تحریریں بھی شمارے کی زینت بنی ہیں۔
ماہ نامہ ساتھی کے مُدیر کا کہنا تھا کہ ماہ دسمبر ۲۰۲۳ ء میں شائع ہونے والے اس خاص شمارے میں مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک سنسنی خیز کہانی بھی شاملِ اشاعت ہے جس میں مصنوعی ذہانت کے ممکنہ فوائد و نقصانات اور اس کے مستقبل پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس خاص شمارے میں بچوں کے ادب سے منسلک مُلک کے نام ور اور اُبھرتے ہوئے ادیبوں، مضمون نگاروں اور شعرا کی تخلیقات خصوصی طور پر شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کئی دہائیوں سے بچوں کے ادب کی ترویج و تخلیق میں کوشاں ماہ نامہ ساتھی نے رواں برس ۲۰۲۳ء میں ’’خواہش نمبر‘‘ کے عنوان سے اپنا خاص نمبر شائع کرچکا ہے، جسے قارئین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ بچوں کی دلچسپی اور اسلامی و ادبی خطوط پر تربیتی تقاضوں کی مناسبت سے ماہ نامہ ساتھی نے اس خاص نمبر میں عمدہ موضوعات سے شمارے کو مزین کیا ہے کہ تربیتی معاملات کے لیے یہ شمارہ اب ہر گھر کی ضرورت بن گیاہے۔