بیت المقدس: اسرائیل کے خلاف فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری کمانڈرابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل جنگ لڑکر اپنے قیدیو ں کو رہا نہیں کراسکتا، مذاکرات کے بغیر قیدیوں کی رہائی ممکن نہیں، اسرائیل نے اس کا عملی مظاہرہ کرکے دیکھ لیا ہے، اپنا فوجی خود ہی ماردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے خلاف فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے کمانڈر نے کہا کہ گزشتہ 10دنوں میں اسرائیل کے 187ٹینک اور گاڑیاں تباہ کردیں ہیں، جس میں اسرائیل کے درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہماری لڑائی جاری ہے، دشمن عام عوام پر بمباری کرکے اپنی فتح کا دعویٰ کرتا ہے۔
کمانڈرابو عبیدہ کا کہنا تھا کہ حقیقی طور پر اسرائیل یہ جنگ ہار چکا ہے، جدید ٹیکنالوجی ہوتے ہوئے بھی وہ ہم سے اپنے قیدی نہیں رہا کرواسکا، حماس کو کچلنے کے اسرائیلی دعوے عوام کو متاثر کرنے کے لیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے ہزاروں جنگجومجاہدین تیار ہیں، لڑائی میں اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں، عرب اور دیگر مسلمان ممالک تماشائی بننے کے بجائے اسلام دشمن افواج کے خلاف عملی قدم اٹھائیں، ہم اللہ کے بھروسے پر اسلام دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
