اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے مابین ایک دوسرے کے قیدیوں کی رہائی اور واپسی کے معاملے پر اتفاق ہوگیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جیلوں میں موجود قیدیوں کو رہا کرنے اور انہیں وطن واپس بھجوانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پاکستان اور ایرانی حکام کا اپنے ممالک کے قیدیوں کی رہائی کے لیے اعلیٰ سطح پر رابطہ کیا گیا، جس کے بعد قیدیوں کو رہا کرنے کے معاملے پر کوششوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے ایرانی وفد نے ڈپٹی جسٹس منسٹر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر عسکر گلیان کی قیادت میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی اور دونوںممالک کے مابین متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وفد کی جانب سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو بتایا گیا کہ ایران میں جیلوں میں 160 پاکستانی جب کہ پاکستان کی جیلوں میں 60 ایرانی شہری قید ہیں۔ اس موقع پر طے پایا کہ پہلے مرحلے میں انسانی بنیادوں پر قیدیوں کو رہا کیا جائے گا، جس کے بعد پاکستانی قیدیوں کوپاکستان واپس، ایرانی قیدیوں کو واپس ایران بھیجا جائے گا۔

