لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں استحصالی طبقہ متحد، مزدور، کسان اور عوام تقسیم ہیں۔ منظم جدوجہد ہی سے عوام کوحقوق ملیں گے۔
محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر منصورہ میں مزدوروں کے اعزاز میں تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ ہمارے سامنے دو راستے ہیں، حالات کو قسمت سمجھ کر قبول کرلیں یا کرپٹ نظام کے خلاف مزاحمت کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی سے مخصوص طبقہ عیاشیاں کرے، ایسا نہیں چلے گا۔ حکمران ایک طرف قوم کے حق پر ڈاکا ڈالتے ہیں دوسری طرف کشکول اٹھایا ہوا ہے۔فارم 47 کی بنیاد پر جعلی حکومت مسلط کردی گئی، پارٹیوں اور حکومتی عہدوں پر خاندان قابض ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مست حکمرانوں نے کسانوں کے پرامن مظاہرے پر پولیس لاٹھی چارج کروایا، ہم گرفتار کسانوں کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اسلام ظالم کے خلاف جدوجہد کا حکم دیتا ہے، حق کے لیے زبردست مزاحمت کرنا ہوگی۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ سابقہ نگراں حکومت نے ذخائر میں کمی کا بہانہ بنا کر پہلے ایک ارب ڈالر کی گندم درآمد کی، اب امدادی قیمت کم ہونے کے باوجود بھی کسانوں سے گندم نہیں خریدی جارہی، انہیں باردانہ دستیاب نہیں، غریب کاشتکار کہاں جائے۔ کسانوں سے مشاورت کررہے ہیں، ان کے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج جاری رہے گا۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، نائب امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد اور امیر ضلع غربی لاہور عبدالعزیز عابد بھی شریک تھے۔
امیر جماعت نے کہا کہ مزدور کا سب سے بڑا اعزاز یہ ہے کہ وہ کائنات کے عظیم ترین شخص نبی مہربانﷺ کا ہم پیشہ ہے۔ موجودہ نظام رشوت خوری، حرام کی طرف دھکیلتا ہے، اس میں استحصال ہے، غریب کا بچہ اسکول نہیں جا سکتا، مایوسی سے نشہ عام ہورہا ہے، مافیا اور پولیس کی سرپر ستی میں منشیات کے اڈے چلتے ہیں،مہنگائی، بے روزگاری ہے، تاہم اس سب کے باوجود ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بے پناہ وسائل ہیں، ہمیں تہیہ کرنا ہوگا کہ حلال رزق کمائیں گے اورحق کے لیے مزاحمت کریں گے۔ اللہ ہمارے لیے تمام راستے کھول دے گا۔ مزدوروں کو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کم سے کم اجرت ملتی ہے نہ انہیں سوشل سیکورٹی کی سہولیات دستیاب ہیں، غیر رجسٹرڈ مزدوروں، دیہاڑی داروں، چھوٹے اسکیل کے سرکاری ملازمین، ورکنگ ویمن،گھروں میں کام کرنے والے ملازمین، زرعی شعبہ سے وابستہ مزدوروں، چھوٹے کسانوں کا استحصال ہورہا ہے، سب کو دعوت دیتاہوں کہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کریں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں، خواتین کو جدوجہد کے لیے پلیٹ فارم مہیا کررہی ہے، ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں،ہمارا عوام سے ہی اتحاد ہے۔

