اسلام آباد:حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اشیائے خور و نوش پر سبسڈی دیے جانے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت نئے بجٹ میں کھانے پینے کی پانچ بنیادی اشیا پر سبسڈی کے لیے فنڈ مختص کیے جانے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزارت صنعت وپیداوارنے یوٹیلیٹی اسٹورز سے نئے مالی سال کے لیے تجاویز مانگی ہیں۔ وزیراعظم ریلیف پیکیج کےلیے ان تجاویزکو نئے مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنایا جائےگا جب کہ موجودہ پیکیج 30 جون کو ختم ہوجائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت 5 بنیادی اشیا پر ماہانہ تقریباً 3 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، جن اشیا پر سبسڈی دی جارہی ہے ان میں چینی، آٹا،گھی،دالوں اور چاول پربی آئی ایس پی صارفین کے لیے سبسڈی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بی آئی ایس پی صارفین کے لیے چینی کی قیمت 109روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جب کہ آٹے کا 10کلو تھیلا 648 روپے میں دستیاب ہے۔اسی طرح گھی کی فی کلو قیمت 393 روپے مقرر ہے۔
