اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )نے نان فائلرز کی سمز بند کرنے کے لیے 18 رکنی جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا۔
ایف بی آر کی جانب سے جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔نان فائلرز کی سمز بند کرنے کے لیے تشکیل دیے گئے جوائنٹ ورکنگ گروپ میں ایف بی آر، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )، موبائل فون کمپنیوں جاز، یوفون، ٹیلی نار کے نمائندے شامل ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ورکنگ گروپ انکم ٹیکس جنرل آرڈر پر عملدر آمد کو یقینی بنائے گا، گروپ نان فائلرز کی سمز بند کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کرے گا۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں سمز بلاک کرنے سے متعلق نجی کمپنی کے خلاف کارروائی سے روکنے کے حکم امتناع کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ہم نے سم بند کرنے سے نہیں نجی کمپنی کے خلاف کارروائی سے روکا تھا۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ پچھلی بار کا آرڈر جو رپورٹ ہوا تھا وہ ایسے نہیں تھا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ جو آرڈر رپورٹ ہوا وہ ایسے نہیں تھا، سمز بلاک کرنے سے نہیں روکا، صرف نجی کمپنی کے خلاف کارروائی سے روکا تھا۔ گزشتہ ماہ کے آخر میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نان ٹیکس فائلرز کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی سم بلاک کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

