اسرائیلی جنگی کابینہ نے امریکی صدر جوبائیڈن کی غزہ میں جنگ بندی کی تجاویز کو قبول کرلیا۔
برطانوی اخبار کو انٹرویو میں اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی جنگی کابینہ نے امریکی صدر جوبائیڈن کی غزہ میں جنگ بندی کے لیے سہ نکاتی تجاویز کی منظوری دے دی ہے اور انہیں اب حماس کے ردعمل کاانتظار ہے۔
اسرائیلی حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی اس روڈ میپ کی بہت ساری تفصیلات پر کام کرنا باقی ہے ،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جنگی مقاصد پورے ہونے، مغویوں کی رہائی اور حماس کی تباہی تک مستقل جنگ بندی کے لیے رضامند نہیں ہوں گے، امریکی صدر کی تجویز “ایک ڈیل تھی جس پر ہم نے اتفاق کیا ہے، لیکن یہ کوئی اچھی ڈیل نہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر یائر لپیڈ نے جنگ بندی کا معاہدہ کرنے پر اپنی سیاسی حمایت کی پیشکش کی ہے۔
دوسری جانب اس حوالے سے امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ امریکا کی دی گئی تجاویز اسرائیلی تجاویز تھیں ،اگر حماس امریکی تجاویز پر رضامند ہوجائے تو اسرائیل بھی مان جائے گا۔
یاد رہے کہ صدر جوبائیڈن نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے روڈ میپ پیش کیا تھا جو تین مراحل پر مشتمل تھا ۔

