مکہ مکرمہ: عازمین حج کو گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے عرفات میں سڑکوں پر سفید رنگ کردیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی حکومت نے رواں برس حج پر دنیا بھر سے آنے والے عازمین کی سہولیات اور انہیں کسی بھی زحمت سے محفوظ رکھنے کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ اسی سلسلے میں عرفات میں گرمی کی شدت سے عازمین حج کو محفوظ رکھنے کے لیے سڑکوں پر سفید رنگ کیا گیا ہے۔
رواں سال حج سے قبل تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جس میں دیگر سہولیات کے ساتھ گرم موسم سے حفاظت کے لیے شیلٹرز، ٹھنڈے پانی کے فواروں اور سڑکوں پر سفید رنگ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں سفید رنگ دھوپ کو جذب کرکے موسم کی شدت کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
سعودی ماہرین کی جانب سے عرفات میں مسجد نمرہ کے اطراف اور دیگر مقامات پر سڑکوں پر سفید رنگ کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں عازمین حج کے لیے سخت دھوپ میں پیدل چلنے کا عمل نسبتاً سہل ہو جائے گا۔ سعودی روڈز جنرل اتھارٹی کی جانب سے بنائے گئے اس منصوبے کے تحت خصوصی تیار کیے گئے اس سفید رنگ سے سڑکوں پر درجہ حرارت تقریباً 20 ڈگری سیلسیس تک کم ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سڑکوں پر کرنے کے لیے رنگ کو خصوصی طور پر ایسے کیمیکلز سے ملا کر بنایا گیا ہے، جو سورج کی شعاعوں کو جذب کرکے گرمی کی شدت کو پھیلنے سے روکتا ہے۔ اس مقصد کے تحت عرفات میں مسجد نمرہ کے قرب و جوار میں تقریباً 25 ہزار مربع میٹر کی حدود میں سڑکوں پر سفید رنگ کیا جا رہا ہے۔ ان راستوں کے ذریعے حجاج کرام میدان عرفات کی جائیں جاتے ہیں۔

