لبنان:لبنانی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے مضبوط دفاعی نظام آئرن ڈوم کو چکمہ دے کر اسرائیلی فوجی اڈوں پر حملہ کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت اور 10 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ہلاک فوجی کی شناخت 39 سالہ اسٹاف سارجنٹ ریفیل کوڈرز کے نام سے ہوئی ہے۔
حزب اللہ کے دھماکا خیز مواد سے لدے 2 ڈرونز نے اسرائیلی فوج کے فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دیتے ہوئے اسرائیل کے شہر حرفیش میں پراسرار انداز میں کارروائی کی۔حزب اللہ نے ڈرونز حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے حالیہ ہلاکت خیز حملوں کا جواب ہے۔
واضح رہے کہ حزب اللہ کے ساتھ اسرائیلی فوج کی جھڑپوں میں اب تک کم از کم 15 اسرائیلی فوجی اور 11 عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک 645 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے 294 اسرائیلی فوجی فلسطینی علاقے میں حماس کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے جاری بیان میں ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیاکہ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہآئرن ڈوم ڈرونز کو روکنے میں کیوں ناکام رہا۔

