ریاض:سعودی عرب میں شدید گرمی کی وجہ سے حرمین شریفین میں خطبہ اور نمازوں کو مختصر کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق حرمین شریفین کے امور کے نگراں شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مملکت میں شدید گرمی کی وجہ سے نماز جمعہ کے خطبات اور نمازوں کو مختصر کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال فریضہ حج کی ادائی کے لیے عازمین کی بڑی تعداد مملکت آ رہی ہے اور اس دوران موسم کی شدت بھی زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں آنے والے عازمین حج کو حرمین میں (مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں) بیشتر کو مطاف، صحن، چھت اور کھلی جگہوں پر نماز کی ادائی کا موقع ملے گا۔ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج میں بزرگ، کمزور ، بیمار بھی ہیں، جنہیں ہرممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاہم بہت زیادہ رش کی وجہ سے اذان، خطبہ اور نمازیں مختصر کردی جائیں تو نمازیوں کو مزید آسانی دی جا سکے گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ سخت گرم موسم میں ضیوف الرحمٰن کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امام جمعے کے خطبے اور نمازوں کو مختصر کردیں۔ شدید گرمی میں نمازیوں کے لیے آسانی پیدا کرنے کی کوشش کی جائے۔ نبی کریم صلى اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا کہ “تم خطبہ مختصر کرو اور بعض کلام میں جادو ہے”۔ (صحیح مسلم) اور جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: “میں رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھتا تھا، آپ کی نماز اور آپ کا خطبہ میانہ ہوتا تھا”۔ (صحیح مسلم)۔

