سجاول(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سجاول کی ہدایات پر زائدالمعیاد کیڑے مار ادویات، بیج اور کھاد کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کارروائی۔ ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند کی خصوصی ہدایات پر انسپکٹر انچارج آئی بی ڈی امتیاز علی چانڈیو نے اسسٹنٹ کمشنر شاہ بندر زاہد حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شاہ بندر احمد کھٹی کے ہمراہ شاہ بندر میں احمد رضا زرعی مارکیٹ قادر ڈنو شاہ پر اچانک چھاپا مار کر فصلوں کیلئے استعمال ہونے والی پرانی اور زائدالمعیاد کیڑے مار ادویات، بیج اور کھاد کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ایک ہزار بوتلیں سپر مشال ٹانک، 250 کراپ سپلیمنٹس ہارمونک سپر، 70 تھیلے اتحاد این پی اور 500 تھیلے ختم المعیاد بیج پیسٹی سائیڈ ڈریمز کار ٹاپ برآمد کرکے پورے گودام کو سیل کر دیا۔ اس موقع پر انسپکٹر انچارج آئی بی ڈی اور اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ زائدالمعیاد اور پرانی غیر معیاری کھادوں اور جعلی زرعی ادویات کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اس قسم کا کاروبار کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔