کراچی:گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کرایہ داروں کو فری سولر لگا کر دیں گے، غریبوں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ہمیں گرین سگنل مل گیا ہے، سولر لگانے کے کوئی چارجز نہیں لئے جائیں گے، مشکل معاشی حالات کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں، ہم نے اس کلچر کو تبدیل کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہاکہ سانگھڑ میں ایک اونٹنی کا پاؤں کاٹ دیا گیا، اونٹنی کے مالک کو دو اونٹ دینے کا اعلان کرتا ہوں، جس نے بھی اونٹنی پر ظلم کیا ہے اس کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس سال بھی گورنرہاس میں100 اونٹوں کی قربانی ہوگی، قربانی کا گوشت مستحقین تک پہنچایا جائے گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ مخیر حضرات کو آج گرین سگنل مل گیا ہے، پہلے گورنر صرف فائلیں سائن کرتا تھا لیکن اب کام بھی کرکے دکھائے گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ مشکل وقت میں اسٹیٹس کو کو توڑنا ہوگا، مخیرحضرات مشکل وقت میں غریب لوگوں کی مدد کریں، ہمیں غریب لوگوں کا مسیحا بننا ہوگا، ایک دوسرے پر بہت تنقید کرلی اب لوگوں کی دہلیز پر جاکرمسائل حل کرنا ہوں گے۔
