English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بد ترین بجٹ لوڈشیڈنگ،حافظ نعیم نے قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کردیا

لاہور :امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر ر ہے ہیں، امیرالعظیم،لیاقت بلوچ ،قیصر شریف بھی موجودہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مہنگی بجلی، گھنٹوں جاری لوڈشیڈنگ اور عوام دشمن بجٹ کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کردیا۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ظالمانہ بجٹ کسی صورت قبول نہیں۔ ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کی بجٹ پر نوراکشتی جاری ہے، روٹھنے منانے کی ڈرامے بازیوں کو عوام خوب سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج پرامن ہوگا،پنجاب میں دفعہ 144انگریزوں کا عطاکردہ قانون ہے، حق کے لیے آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، حکمرانوں نے جو کرنا ہے کرلیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ سخت گرمی میں ملک کے طول و عرض میں جاری طویل لوڈشیڈنگ اور اوپر سے بجلی بلوں کی صورت میںبجلی بموں نے عوام کی زندگی عذاب کردی ہے، شہباز شریف عرصہ دراز سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے جعلی اعلانات کررہے ہیں۔انہوںنے وزیرخزانہ کے قومی اداروں کی فروخت سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیرموصوف کو یہ حق کس نے دیا ہے کہ اندھی پرائیویٹائزیشن کا بیان جاری کریں، اس طرح کے شاہی فرمان جاری کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، وزیرخزانہ جن پارٹیوں کی نمائندگی کرتے ہیں وہ بذات خود قومی اداروں کی تباہی کی ذمے دار ہیں، پہلے ذمے داران کو کٹہرے میں لایا جائے۔نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ مایوسی کے بجائے ظالم اشرافیہ سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کے تحت اضلاع اور تحصیلوں تک کی سطح پر ہونے والے مظاہروں میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ آئندہ نسلوں کی حفاظت کے لیے لازم ہوگیا ہے کہ جدوجہد کا آغاز کیا جائے۔ ملک کو فارم 47 کے ذریعے مسلط ہونے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔امیر جماعت نے ساہیوال اسپتال آتش زدگی واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ڈاکٹرز اور پروفیسرز کو ہتھکڑیاں لگا کردیوار سے کھڑا کرنے کے عمل کی پرزور مذمت کی اور اس رویے کو انتہائی توہین آمیز قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سے قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات حکومت کا حق ہے، تاہم نمائشی اقدامات اور بغیر ایف آئی آر کے پڑھے لکھے پروفیشنلز کے ساتھ اس طرح کا سلوک فاشسٹ طرز عمل ہے، یہ بادشاہانہ طریقے شاید انہوں نے اپنے بزرگوں سے سیکھے ہیں کہ لوگوں کو خوفزدہ کرو اور حکمرانی جاری رکھو۔ عوام کو دبانے کے حربے مزید کامیاب نہیں ہوں گے۔ ینگ ڈاکٹرز کے ایڈہاکزم کے خلاف احتجاج اور ان کے دیگرجائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں، ڈاکٹرز سے یہ اپیل بھی کرتے ہیں کہ ان کے احتجاج سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو تکلیف اور دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسپتالوں میں ری ویمپنگ کے نام پراربوں کے فنڈز میں کرپشن کی شفاف تحقیقات ہوں۔ امیر جماعت نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کے نتیجے میں جو رقم بجلی کے لائن لاسز اور ٹرانسمیشن سسٹم کی بحالی پر خرچ ہونی چاہیے تھی وہ آئی پی پیز کے مالکان کو جارہی ہے، ریاست نے انہیں2800 ارب ادا کرنے ہیں۔رائٹ ٹو انفارمیشن کے تحت عوام کو حق حاصل ہے کہ معاہدوں کی تفصیلات ان کے علم میں لائی جائیں، ان معاہدوں پر فوری نظرثانی ہو۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پر پاک چائنا سیاسی مشاورتی عمل کی حمایت کرتے ہیں،مشاورت میں جماعت اسلامی شریک تھی،پاک چین دوستی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے ۔انہوںنے کہا حکومت نے بجٹ میں ٹیکس اہداف 13000 ارب کرکے سارا بوجھ تنخواہ دار طبقے پر لاد دیا، ایف بی آر کا ٹیکس آمدن میں کوئی کردار نہیں، سرکاری و پرائیویٹ ملازمین سے 375 ارب اور بقیہ بجلی و گیس بلوں پر ٹیکسز کی صورت میں عوام سے چھینا گیا، جاگیرداروں نے صرف 4 ارب ٹیکس دیا، یہی طبقات ملک پر مسلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف امریکا کا ذیلی ادارہ ہے اور اس کا کام ترقی پذیر ممالک کو کریڈٹ جاری کرکے ان پر غلامانہ تسلط قائم رکھنا ہے، بجٹ آئی ایم ایف نے تیار کیا، تنخواہ دار طبقے پر 35 فیصد ٹیکس لگادیاگیا،بجلی بلوں میں فکس ٹیکس تجاویز کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا 7 7 سال سے ملک پر مسلط ظالم اشرافیہ نے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی ضرورتوں سے محروم کیا، ان کی وجہ سے برین ڈرین ہورہا ہے، ناجائز ٹیکسز اور بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی کی وجہ سے پڑھے لکھے لوگوں کے ملک چھوڑنے کے رجحان میں119 فیصد اضافہ ہوا ہے، حکمرانوں کی پالیسیوں کے نتیجے میں پونے 3 کروڑ کے قریب بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جان بوجھ کر عوام میں مایوسی پھیلا رہے ہیں تاکہ لوگ بددل ہوجائیں اور یہ اپنی من مانیاں جاری اور اسٹیبلشمنٹ کو خوش رکھیں، ان حکمرانوں کو معلوم ہے کہ ان کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں۔ لوگوں کو حق کے لیے نکلنا ہوگا، جماعت اسلامی صحت، صاف پانی کی فراہمی، بنو قابل پروگرام اور دیگر فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے عوام کی خدمت کررہی ہے، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ جماعت اسلامی ان پارٹیوں کی طرح نہیں جو اپوزیشن میں ہوتے ہوئے ان کے لیے بولیں اور حکومت ملتے ہی خاموش ہوجائیں، ہم ملک گیر تحریک کے پہلے مرحلے کا آغاز کررہے ہیں، آئندہ کا لائحہ عمل اور سرگرمیوں کا اعلان ساتھ ساتھ کرتے رہیں گے۔صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ دبئی لیکس میں ملوث افراد منی ٹریل دیں، عدالت عظمیٰ کو خط لکھ دیا۔ سوات واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہجوم کو اختیار حاصل نہیں کہ قانون ہاتھ میں لے اگرچہ یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ انصاف اور قانون کے ادارے ملک میں کس حد تک متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ اور وزارت خارجہ کشمیر پالیسی سے متعلق قوم کو وضاحت دیں۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہنگی بجلی،بدترین لوڈ شیڈنگ اور عوام دشمن ظالمانہ بجٹ کے خلاف امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج ملک گیر سطح پر مظاہرے ہوں گے۔اس سلسلے میں کراچی میں بھی تمام اضلاع و ٹاؤنز کی سطح پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں ،مظاہرے بڑی شاہراہوں وچورنگیوں اوراہم پبلک مقامات پر ہوں گے ۔ امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان شام 5بجے کالا پل ،محمود آباد روڈ پر ہونے والے مظاہرے سے خطاب کریں گے جبکہ جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی پونے پانچ چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا جس سے امیر جماعت اسلامی ضلع غربی مولانا مدثر انصاری خطاب کریں گے۔دریں اثنا جماعت اسلامی سندھ کے تحت بھی آج کراچی تاکشمور سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ صوبائی ترجمان کے مطابق احتجاجی مظاہروں سے مرکزی ،صوبائی اورمقامی رہنما خطاب کریں گے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے