اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آزد جموں کشمیر میں امن و امان برقرار رکھنے، چینی باشندوں اور بجلی گھروں کے لیے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانےکے لیے فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کی تعیناتی کی اجازت دے دی۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں آزاد کشمیر میں امن وامان اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی درخواست پر وزیر داخلہ نے آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، آزاد کشمیر میں سیکیورٹی سے متعلق انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا۔
آزاد جموں کشمیر میں فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کی تیعناتی کا فیصلہ بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیش نظر کیا گیا ہے کیونکہ ملک کو اس وقت ہر طرف سے دہشت گردی کا سامنا ہے ۔
دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کے لیے گزشتہ روز وزیر اعظم کے زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی میں سخت اقدامات کیے گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
17 اپریل کو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور معاشی اشتراک کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، جبکہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی مہمانوں کی سیکیورٹی کے معاملے میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

