English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فرقہ واریت،تشدد ،انتہاپسندی نے عوام کو ہر محاذ پر مشتعل کردیا ،لیاقت بلوچ

القمر

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی اور صدر مجلس قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اتحاد امت ہی ملت اسلامیہ کے مسائل کا حل ہے۔ فرقہ واریت، تشدد، انتہا پسندی کے جذبات اور سیاسی انتہا پسندی نے عوام کو ہر محاذ پر مشتعل کر دیا ہے۔ توہین مذہب، رسول اللہؐ اور قرآن پاک کی توہین کے واقعات کے بعد عوامی اشتعال، آئین و قانون کی پامالی، ملک و ملت کے لیے باعث تشویش ہے۔ دینی قومی قیادت کو الارمنگ صورت حال میں آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ حکمران بیرونی دبائو پر اسلامی قوانین کو غیر مؤثر کر رہے ہیں، پارلیمنٹ، عدلیہ اور لادینیت کے پرچار پلیٹ فارم پر تحفظ ناموس مصطفیؐ، عقیدہ ختم نبوت کے معاملے پر عدالتی سطح پر بار بار بلاوجہ مشکوک بحث عوام میں اشتعال کا سبب ہے۔پنڈی گھیب ملہوالی میں شیعہ علما کونسل کے مرکزی رہنما حافظ کاظم رضا نقوی کے جواں سال بھتیجے کے انتقال پر تعزیت ، معروف عالم دین مولانا عبدالمالک علوی کی یاد میں تعزیتی کانفرنس ، شیعہ رہنمائوں اور مقامی دینی و سیاسی قائدین سے گفتگو کرتے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ماضی میں توہین کے مرتکب افراد پر مقدمات بنے، عدالتوں نے سزائیں دیں، لیکن بیرونی دبائو پر رات کی تاریکی میں مجرمین کی رہائی ہو گئی، اشتعال کے ان اسباب کو بھی بند کرنا ہو گا۔ سوات اور سرگودھا کے واقعات تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہوش میں لانے کے لیے کافی ہونے چاہییں۔ ملی یکجہتی کونسل، اسلامی نظریات، اسلامی تہذیب اور آئینی اسلامی قوانین کی حفاظت کے لیے ملک بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، برداشت کا ماحول پیدا کرنے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ لیاقت بلوچ نے افغان طلبہ اور نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں افغانستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی اور اپ سیٹ کامیابی پر مبارک باد دی، ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں افغان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہت شاندار ہے، افغانستان کرکٹ ٹیم کی فائنل تک رسائی بڑی کامیابی ہو گی۔ پاکستان اور افغانستان کے عوام یک جان دو قالب ہیں، افغانستان اور پاکستان کے عوام نے مشترکہ بنیادوں پر استعماری قوتوں کے خلاف بڑی قربانیاں دیں۔ پاک افغان تعلقات کی کشیدگی امریکا، بھارت اور اسرائیل کا ایجنڈا ہے، خطے میں ناگزیر ہے کہ پاکستان، ایران اور افغانستان کے تعلقات مضبوط و دیرپا اور پائیدار ہوں۔ تینوں ممالک کے عوام ایک پیج پر ہیں، حکمران اور پالیسی ساز بھی ایک پیج پر آئیں یہ خطے کی ترقی اور امن کا ضامن ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے