واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی عدالت نے صدارتی الیکشن سے قبل طلبہ کے قرض کی ادائیگی سے متعلق صدر جو بائیڈن کے منصوبے کو جزوی طورپر روک دیا۔ جو بائیڈن نے گزشتہ برس منصوبہ جاری کیا تھا جس کے تحت قرض لینے والے طلبہ ماہانہ ادائیگی میں کمی کے حق دار تھے اور قرض معافی کے لیے بھی اندراج کراسکتے تھے۔ مقدمات میں موقف اپنایا گیا کہ صدر نے منصوبے کا آغاز کرکے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا جس پر 2وفاقی ججوں نے ابتدائی طورپر جزوی احکامات جاری کردیے۔ سیو پروگرام کے 2 حصے اس وقت تک معطل رہیں گے جب تک کہ ان پر قانونی چارہ جوئی کا عمل پوری طرح مکمل نہیں کرلیا جاتا۔ واضح رہے کہ 80 لاکھ افراد نے اسکیم میں رجسٹریشن کرائی تھی اور 45لاکھ افراد کے لیے ماہانہ ادائیگی صفر کردی گئی تھی ۔ اس طرح 4 لاکھ 14 ہزار طلبہ کے 5.5 ارب ڈالر معاف کیے جاچکے ہیں تاہم 10 سال تک ادائیگی کرنے والے طلبہ کے لیے مزید ایسا نہیں ہوگا۔
