
کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی بے امنی اور ڈاکو راج کیخلاف امن بحال تحریک کی جانب سے ہاتھوں میں سفید جھنڈے اُٹھا کر پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امن بحال تحریک کی کال پر مختلف سیاسی سماجی جماعتوں کی جانب سے غلام مصطفی میرانی، ظریت ساگر بجارانی، حافظ نصراللہ چنہ، ڈاکٹر مہر چند، ڈاکٹر سریش کمار، عبدالفتاح مغل و دیگر کی قیادت میں سیاسی کارکنان وشہریوں نے ٹاور چوک سے پریس کلب تک امن ریلی نکالی، امن ریلی میں شریک شرکاء نے ہاتھوں میں سفید جھنڈے اُٹھا کر امن دو، امن دو، ڈاکو راج ختم کرو کی نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پورے ضلع میں ڈاکو راج قائم ہو گیا ہے، اب بھی کئی مغوی ڈاکوؤں کے شکنجے میں ہیں، ڈکیتی، چوری کی وارداتوں نے عوام کا جینا محال کر دیا، امن امان کی صورتحال ابتر ہونے پر بچوں کی تعلیم خراب ہو رہی ہے، پولیس آپریشن بھی ناکام ، صرف دکھاوا ہے، نتیجہ صفر ہے، آپریشن کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے لیکن حالات بدتر ہیں، دن ہو یا چاہے رات، عوام خود کو غیر محفوظ سمجھ کر اپنے گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔ مظاہرین نے اعلیٰ اداروں سے مطالبہ کیا کہ کچے اور پکے میں ڈاکوؤں کے خلاف فوجی آپریشن کر کے مغویوں کو بازیاب کروا کر امن امان بحال کرایا جائے۔
