English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عزم استحکام کے نام پر پرانی کہانی دہرانے کی تیاری ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

القمر

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ملک میں نئے آپریشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کا جواز بناکر آپریشن کے ذریعے پشتونوں کے گھروں، مارکیٹوں اور جائیدادوں کو ملیا میٹ ، پشتونخوا وطن اور قوموں کے وسائل پر قبضہ گری کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ پارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوا ملی عواملی عوامی پارٹی عزم استحکام کے نام پر آپریشن کو کھلے طور پر مسترد کرتی ہے، ضرب عضب آپریشن کی تکمیل کے بعد اعلان ہوا تھا کہ اب ملک میں کوئی دہشت گرد نہیں رہا، دراصل ضرب عضب کے نام پر پشتونوں کے گھر، گاؤں، مارکیٹوں، دکانوں اور موجود جائیدادوں پر ہاتھ صاف کرنا تھا پھر دہشت گردی کا جواز بناکر آپریشن کا آغازکرنا جو کچھ بچا ہے اسے ملیامٹ کرنے اور عزم استحکام کے نام پرپرانی کہانی دہرانے کی تیاری ہے۔ آپریشن عزم استحکام پشتونخوا وطن اور قوموں کے وسائل پر قبضہ گری کے عمل کو جاری رکھنا ہے جس کی مخالفت ملک کے ہر محب وطن سیاسی جمہوری انسان اور معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خطے کی گھمبیر صورتحال سے ظاہر ہو رہا ہے کہ پشتون وطن کو میدان جنگ بنانے کے لیے جو شوشے چھوڑے جارہے ہیں اس کو مد نظر رکھ کر صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لینا ہو گا، پچھلی مرتبہ علاقہ خالی کرنے کے بعد گھروں کی مسماری اور لوٹ کھسوٹ کس نے اور کیونکر کی؟ جس کا آج تک حکومت کی طرف سے ذمہ دارانہ اور سنجیدہ جواب نہیں آیا ہے آج بھی ویران دیہاتوں، گھروں، دکانوں اور مارکیٹوں کی تعمیر نہ ہوسکی اور نہ متاثرین کو معاوضہ ادا کیا گیا ہے، جب تک سرکاری سرپرستی میں جاری دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کیا جاتا عز م استحکام کی باتیں بربادی، ویرانی کے سوا کچھ نہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ اس آپریشن کو پشتونخوا وطن کو آگ وخون کے شعلوں میں دھکیلنے کی سازش کے مترادف سمجھتی ہے اور اس کی فوری روک تھام کا مطالبہ کرتی ہے، ملک کو درپیش مشکلات کے تحت تمام اسٹیک ہولڈرز کی کانفرنس بلاکر مشکلات کا سنجیدگی سے جائزہ اور اس کے حل کے لیے فیصلے ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے