اسلام آباد(نمائندہ جسارت) قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے امریکی ایوان نمائندگا کی قرارداد کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی،تاہم سنی اتحاد کونسل نے قرارداد کی مخالفت کی۔قرارداد میں امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے منظور کی گئی قرارداد کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا گیا،حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن)کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نے امریکی ایوان نمائندگان کی پاکستان کے بارے میں منظور کی گئی حالیہ قرارداد پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد پیش کی۔ انہوں نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوان نے امریکا کے ایوان نمائندگان کی جانب سے 25 جون کو پاکستان کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد کا نوٹس لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے اندرونی معاملات میں اس طرح کی مداخلت نامناسب ہے، یہ کسی صورت عالمی طاقتوں کو زیب نہیں دیتا کہ کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرے۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے انتخابات میں کروڑوں پاکستانیوں نے ووٹ دیے ہیں اور امریکی قرارداد مکمل طور پر حقائق پر مبنی نہیں۔قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے، پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کرے گا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کو غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دینی چاہیے۔ قرارداد میں کہا ہے کہ ایوان چاہتا ہے کہ پاک امریکا تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہوں۔ اپوزیشن کی جانب سے شور شرابے پر شائستہ پرویز ملک نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ساری دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ہمیں اس کی مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شرم آتی ہے کہ اس وقت پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہو رہا ہے اور یہ لوگ اس حملے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، مجھے افسوس ہے کہ آج ہمارے ملک کے اندرونی معاملات پر بیرونی طاقتیں مداخلت کر رہی ہیں، ہمیں ان طاقتوں کی روک تھام کرنی ہوگی،شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ ایوان نمائندگان کی قرارداد نان بائنڈنگ ہونے کے باوجود اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، اپوزیشن ارکان پاکستان کی خود مختاری پر حملے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، اپوزیشن ارکان کو شرم آنی چاہیے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہوئی ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہا کہ امریکا کو وارننگ دے رہے ہیں کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے، امریکا نے پوری دنیا میں دہشگردی مچائی ہوئی ہے۔ ن لیگ کے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ اپوزیشن والے غدار ہیں، امریکا میں لابنگ فرم کے ذریعے ملک کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔
