English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جماعت اسلامی اہلِ غزہ اور حماس کی حمایت جاری رکھے گی، منعم ظفر خان

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ فلسطینیوں پر ڈھائی سو دن سے بارود کی آگ برسائی جا رہی ہے، جماعت اسلامی اہلِ غزہ اور حماس کی حمایت جاری رکھے گی۔

اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے امریکی قونصلیٹ کے باہر  کراچی یونائیٹڈ فار غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈھائی سو دن سے فلسطینیوں پر بارود کی آگ برس رہی ہے۔ اہل غزہ ڈھائی سو دن سے اسرائیلی دہشت گردی کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔ اس دوران 38 ہزار سے زائد شہدا ہیں جن میں 25 ہزار سے زائد بچے اور عورتوں ہیں۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ قبلہ اول صرف عربوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔فلسطین کے مسلمان امت مسلمہ کی جانب سے کفارہ ادا کررہے ہیں۔ اسرائیل نے 80 فیصد سے زائد غزہ کو تباہ کردیا ہے۔ امریکا ، برطانیہ اور فرانس اسرائیل کی پشت پناہی کررہے ہیں۔یہ وہی امریکا و برطانیہ ہے جس نے افغانستان پر حملہ کیا اور عراق کے مسلمانوں کو شہید کیا لیکن شکست فاش نصیب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سامراج کی سازش کے نتیجے پر اسرائیل کو فلسطین میں داخل ہونے کا موقع ملا۔ پوری دنیا سے یہودیوں کو جمع کر کے فلسطین میں بسایا گیا۔ 75 سال سے فلسطینی اپنی زمین کو حاصل کرنے کے لیے مزاحمت کررہے ہیں۔عرب اور آئی سی کہاں ہے ، فلسطین کے مسئلے پر خاموشی کیوں ہے؟؟معذور شیخ یاسین نے نوجوانوں کی زندگی میں رمق پیدا کی۔آج یہی نوجوان اسرائیل کے سامنے استقامت کے ساتھ ڈٹ کر مقابلے کررہے ہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ حماس کی جدوجہد کو دیکھ کر آج اسرائیل نے حماس کو ایک نظریہ قراردیا اور کہا کہ حماس کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ حماس کے مجاہدین نے لوگوں کے دلوں میں محبت پیدا کردی ہے۔ آج امریکا کی یونیورسٹیز میں طلبہ و طالبات اپنی ہی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ میں طلبہ و طالبات کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جو شدید گرمی میں امریکی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد آگے بڑھے گی ، ہم اہل غزہ اور حماس کی پشت پناہی کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے