English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ٹی آئی کا باغ جناح جلسہ : ڈی سی اور ایس ایس پی شرقی سے جواب طلب

Let PTI hold rally

کراچی  : سندھ ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کو باغ جناح میں جلسے کی اجازت نہ دینے کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر شرقی اور ایس ایس پی شرقی سے 7 اگست کو جواب طلب کر لیا ۔

سندھ ہائیکورٹ میں ڈپٹی کمشنر شرقی اور ایس ایس پی شرقی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی ۔

تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے درخواست میں موقف اپنا یا کہ عدالتی احکامات کے باوجود تاحال پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ  ایس ایس پی ایسٹ اور ڈی سی ایسٹ کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری ہوچکے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ نے 13 مئی کو ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلا کر جلسے کی اجازت دینے کا معاملہ حل کریں لیکن انہوں نے عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیے ۔

درخواست گزارنے کہا کہ ہم نے ڈپٹی کمشنر شرقی کی میٹنگ میں جلسے کے لیے متبادل جگہ نشتر پارک میں اجازت دینے کی بھی تجویر دی تھی لیکن ڈپٹی کمشنر شرقی جلسے کی اجازت دینے میں ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ڈی سی ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ نےعدالتی احکامات پرعملدرآمد نہیں کیا ، عدالت سے استدعا ہے کہ ڈی سی ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔

واضح رہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود تحریک انصاف کو باغ جناح کراچی میں جلسے کی اجازت نہیں مل سکی ، سندھ ہائیکورٹ نے فریقین سے 7 اگست کو جواب طلب کر لیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے