اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنماؤں نے فواد چودھری سے رابطہ کرکے ان سے پارٹی شخصیات کو تنقید کا ہدف نہ بنانے کی درخواست کی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری سے رابطہ کیا ہے اور ان سے تحریک انصاف کی موجودہ سینئر قیادت پر تنقید نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فواد چودھری نے پی ٹی آئی کے رابطہ کرنے والے رہنماؤں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت جو پالیسی اختیار کی ہوئی ہے، اس پر عمل کرنے سے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہو سکتی، انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا یہ ہونا چاہیے کہ عمران خان کو جلد از جلد رہائی ملے اور ان کا عوامی مینڈیٹ انہیں واپس دلوایا جائے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور فواد چودھری کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کا اتحاد ناگزیر ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے فواد چودھری کی طرف سے دی گئی تجاویز کو زیرغور لانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

