حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان حیدرآباد ڈسٹرکٹ آرگنائزر ظفر احمد صدیقی و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے ایم کیو ایم پاکستان مرکز کی جانب سے ووٹرز و عوام کی مشکلات و مسائل کے حل کے لیے جدید کنیکٹ کمپلینٹ سیل کے قیام کو عوام کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مرکزی قیادت نے عوام کے مسائل و پریشانی کا ادراک کرتے ہوئے جدید ایپ متعارف کروائی ہے کہ جس کے ذریعے شکایت کنندہ اپنی شکایت گھر بیٹھے اس ایپ کے ذریعے عوامی نمائندوں تک پہنچا سکتے ہیں اور شکایت ملنے کے بعد اس پر فوری طور پر کاروائی شروع ہو جائے گی یہ کنیکٹ کمپلینٹ سیل 24گھنٹے کام کرے گا اور عوام کے لیے ہمہ وقت یہ سروس دستیاب ہو گی عوامی نمائندوں کو بھیجی جانے والی شکایات کی مرکزی کمیٹی مانیٹرنگ کرے گی۔ ڈسٹرکٹ آرگنائزر ظفر احمد صدیقی نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر وقت چوکس و مستعد رہنا ہو گا کیونکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے شہری عوام کو مسائل کے انبار میں جھونک دیا ہے، عوامی مسائل حل کرنے کے تمام ادارے ناکارہ اور کرپشن کے گڑھ بن گئے ہیں جہاں عوام اپنے جائز کاموں کے لیے رابطہ کرتی ہے تو انہیں مختلف حلیہ بہانوں سے تنگ کیا جاتا ہے اور کرپشن و سسٹم کے باعث وہ کام منٹوں میں ہو جاتا ہے، ایسے میں یہ ایپ کنیکٹ کمپلینٹ سیل کے ذریعے سندھ کی شہری عوام اپنے نمائندوں سے فوراً رابطے میں آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کو اشتہارات کے بجائے عملی کام کرنے پر توجہ دینی چاہیے اور پی پی کے مئیر و رہنمائوں کی مرکزی رہنما و سابق سٹی ناظم کراچی سید مصطفی کمال پر تنقید کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سید مصطفی کمال کے 5 سال میں 300 ارب روپے کے ذریعے کراچی کو دنیا کے دس تیز ترین ترقی کرنے والے شہروں میں شمار کیا گیا اور سید مصطفی کمال کو دنیا نے دوسرے بہترین مئیر کا ایوارڈ دیا۔