کراچی (اسپورٹس رپورٹر)سابق کرکٹر اور چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو نے چیئرمین پی سی بی سے اظہر محمود کو کوچ کے عہدے سے ہٹا نے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اظہر ٹیم کا کوچ بننے کا اہل نہیں کیونکہ وہ اس کام کے اہل نہیں ، جب بھی انہیں پاکستان کرکٹ کی خدمت کا موقع ملا ہے وہ ڈیلیور کرنے میں ناکام رہے۔ انٹرویو میں صلاح الدین صلو نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی پاکستان کرکٹ کو بحال کرنے کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ میں پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کی جانب سے ہماری کرکٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں۔ وہ لوگ جنہوں نے ماضی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو عالمی کرکٹ پر حکمرانی کرتے دیکھا ہے یا کسی بھی حیثیت سے پاکستان کرکٹ سے وابستہ رہے ہیں وہ اس دور کی بحالی کو دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔سابق کرکٹر نے حال ہی میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد محسن نقوی کے کئی اہم اقدامات کی بھی ستائش کی جن میں سلیکشن کمیٹی کی اصلاح کرنا، کھلاڑیوں کی طاقت کو کم کرنا بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنانا اور گھریلو کرکٹ میں شرکت کو تمام کھلاڑیوں کے لیے لازمی بنانا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی حالیہ شکست کے بعد ایسے سخت اقدامات ناگزیر ہو گئے تھے اور مجھے خوشی ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے انہیں فوری طور پر لیا ہے۔ صلاح الدین صلو نے کہا کہ “سلیکشن کمیٹی کی تشکیل نو، کھلاڑیوں کی طاقت کو ختم کرنا، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور تمام کھلاڑیوں کے لیے گھریلو کرکٹ میں شرکت کو لازمی قرار دینا، محسن نقوی نے حال ہی میں اٹھائے گئے بہترین اقدامات ہیں۔وہ انشا اللہ بہت جلد پھل دیں گے ۔ صلاح الدین صلو نے پی سی بی چئیرمین کو مشورہ دیا کہ وہ قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کو کسی زیادہ قابل فرد کے ساتھ ہٹا دیں۔ انہوں نے کہا کہ میری رائے میں اظہر ٹیم کا کوچ بننے کا اہل نہیں ہے کیونکہ وہ اس کام کے اہل نہیں ہیں اور جب بھی پاکستان کرکٹ کی خدمت کا موقع ملا ہے وہ ڈیلیور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ صلو نے کہا کہ “مجھے یاد ہے کہ کس طرح پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 8 سیزن کے دوران اظہر کو برطرف کیا جو کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے یا ان کی کوتاہیوں پر قابو پانے میں ان کی مدد کرنے میں ان کی نااہلی کا واضح اشارہ ہے”۔