English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معصوم بچوں کی گواہی نے مسلم فساد کی سازش ناکام بنادی

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں بڑے مسلم کش فساد کی سازش چند معصوم بچوں کی گواہی نے ناکام بنادی۔ یہ واقعہ اتر پردیش کے ضلع سدھارتھ نگر کا ہے جہاں ایک مندر کے پجاری نے دو مسلم نوجوانوں سے اپنی لڑائی کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی بھرپور کوشش کی۔

مندر کے پجاری کرچ رام نے مسلم نوجوانوں کو جیل کی ہوا کھلانے اور علاقے میں مسلم کش فساد کروانے کے لیے مندر میں رکھی ہوئی دیوتا گنیش کی مورتی توڑ دی اور شور مچادیا کہ یہ مورتی مسلم نوجوانوں نے توڑی ہے۔

علاقے کے لوگ جمع ہوئے اور ماحول انتہائی کشیدہ ہوگیا۔ دونوں مسلم نوجوانوں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ پجاری نے 16 جولائی کو مقامی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ بھی درج کرادی۔

مقامی پولیس نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی قیادت میں تفتیش کی اور تفتیشی ٹیم نے مندر پہنچ کر معاملات کا جائزہ لیا۔ پجاری کرچ رام کی بدقسمتی یہ تھی کہ اُس کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے قدرت نے چند گواہوں کا بندوبست کر رکھا تھا۔ مسلم نوجوانوں سے نفرت کی آگ میں ایسا اندھا ہوا کہ اُسے یہ بھی یاد نہ رہا کہ مندر میں چند بچے بھی موجود ہیں۔ آٹھ سے دس سال کی عمر کے ان بچوں نے پجاری کرچ رام کو گنیش جی کی مورتی توڑتے ہوئے دیکھ لیا تھا۔

تفتیشی ٹیم نے جب شواہد کا جائزہ لیا تو عینی شاہدین کو بھی طلب کیا۔ تفتیشی ٹیم کو بتایا گیا کہ جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا تب مندر کی حدود میں چند بچے کھیل رہے تھے۔ اِن بچوں کو بلاکر بیانات لیے گئے تو اُنہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود دیکھا تھا کہ مورتی تو پجاری جی توڑ رہے ہیں۔

تفتیشی ٹیم نے بچوں کے بیانات کی روشنی میں جب پجاری کرچ رام سے تفتیش کی اور ذرا سخت رویہ اختیار کیا تو اُس نے اعترافِ جرم کرلیا۔ اُس نے پولیس کو بتایا کہ وہ دونوں مسلم نوجوانوں کو جیل کی ہوا کھلانا چاہتا تھا اس لیے خود مورتی توڑ کر اُن پر الزام لگادیا۔

پولیس نے پجاری کرچ رام کو گرفتار کرکے حوالات میں ڈالنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اُسے اب میجسٹریٹ کے سامنے پیش کرکے ریمانڈ لیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے