پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا۔ مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں میں جاری صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گا، رپورٹ کوپبلک کیاجائیگا اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن کی رپورٹ میں ذمہ داروں کی نشاندہی ہوجائے گی، کمیشن کی رپورٹ سے قبل افواہوں اور بلا تصدیق الزامات سے اجتناب کرنا چاہیے۔ مشیر اطلاعات کے پی کا کہنا تھا کہ حساس مقامات پر عموماً سیکورٹی ہائی الرٹ رہتی ہے، خودکش حملے میں فوجی جوان اور شہری شہید ہوئے تھے، اس مقام کی حساس نوعیت بھی کل کے ناخوشگوار واقعے کی ایک وجہ بنی، موجودہ دہشت گردی کی لہرکے پیش نظر عوام سے انتہائی احتیاط سے کام لینے کی درخواست ہے۔
