کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ شہر میں معمولی سی بارش نے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت، کے ایم سی اور کے الیکٹرک کی کارکردگی کا پول کھول دی، ایک جانب بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں دوسری جانب شہر کے 38بڑے نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث نالے اوور فلو ہونا شروع ہوگئے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ قبضہ میئر کی نااہلی کے سبب نارتھ ناظم آباد بلاک Rمیں 12سالہ سلیم،اس سے قبل یوم عاشورہ کے دن میمن گوٹھ میں 2معصوم بچے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگئے،شہر میں 38بڑے اور 500چھوٹے نالے ہیں لیکن اب تک نالوں کی صفائی کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ ہلکی سی بارش کے نتیجے میں کے الیکٹرک کے 300فیڈر ٹرپ کرگئے، ایک جانب شہری سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور دوسری جانب بجلی کے تعطل سے شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں،فراہمی ونکاسی آب کی براہ راست ذمہ داری پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اور کراچی واٹر کارپوریشن کے چیئرمین مرتضیٰ وہاب کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شہر میں پیپلزپارٹی کی سرپرستی میں ٹینکر مافیا کاراج ہے، شہریوں کو نلکوں میں پانی میسر نہیں ہے،حب ڈیم سے اورنگی ٹاؤن، منگھوپیر، کیماڑی،بلدیہ ٹاؤن اور نیو کراچی کے رہنے والوں کوپانی ملنا تھا صورتحال یہ ہے کہ وہاں پانی میسر نہیں ہے، جگہ جگہ ناجائز کنکشن لگاکر مہنگے داموں پانی فروخت کیا جارہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ ٹینکر مافیا بڑے فخر سے اعلان کرتی ہے کہ ہم نے رواں سال 1ارب 66کروڑ روپے کا منافع حاصل کیا،سندھ حکومت بتائے کہ شہریوں کو نلکوں کے ذریعے پانی کیوں نہیں دیا جاتا؟،شہر میں پانی کے بحران و بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف 23جولائی کو حب ریورروڈ پر عوامی دھرنا ہوگا۔ہمارا واضح اور دوٹوک مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کالا ئسنس منسوخ کر کے اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے، شہریوں کو نیشنل گرڈ سے سستی بجلی مہیا کی جائے اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔
