لاہور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ میڈیا میں آئی ایم ایف سے معاہدے کے حوالے سے ہونے والے انکشافات پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اسمبلی فلور پر کھڑے ہو کر کہا تھاکہ’’ہمیں آئی ایم ایف کی ہدایات پر بجٹ بنانا پڑا۔ یعنی بجلی پیٹرول کے ریٹ بڑھانا ہماری مجبوری ہے‘‘۔میڈیا کی حالیہ رپورٹ سے ثابت ہو گیا ہے کہ موجودہ حکومت چوروں لیٹروں اور کرپٹ افراد کی حکومت ہے جس سے خیر کی کوئی توقع نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے بات چیت کے پہلے اور دوسرے راؤنڈ میں موجود حکومت پر زور دیا تھا کہ معاشی ریفارمز کے لئے آئی پی پیز کے ساتھ اپنے معاہدوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ شہباز حکومت جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کر رہی ہے۔ آئی ایم ایف انہیں بتاتا رہا کہ IPPs معاہدے اور بجلی کی بہت زیادہ قیمت آپ کی معاشی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہیں تبدیل کریں تاکہ انڈسٹری کا پہیہ چلے اور پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو۔ تما م آئی پی پیز سے معاہدوں کو فرانزک آڈٹ کروایا جائے اور قومی خزانہ پر بوجھ بننے والی کمپنیوں سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ’’حق دو عوام کو۔ حق دو پاکستان کو‘‘ تحریک کاآغاز کر دیا ہے۔ ہم عوام کو درپیش مشکلات کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ جماعت اسلامی کا ظالم حکمرانوں کی لوٹ مار، آئی پی پیز کے ساتھ مجرمانہ معاہدوں اور بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف دھرنا پانچویں روز بھی جار ی ہے، ہمارے کارکن اپنے قائد حافظ نعیم الرحمن کی ایک کال پر ہزاروں کی تعداد میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں موجود ہیں۔حکومت نے ہمارے دس نکات پر من و عن عمل درآمد نہ کیا اور عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا تو قومی اسمبلی کا گھیراو کریں گے۔ہمارا پر امن دھرنا لمبا چلے گا، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم سڑکوں پر آئے ہیں تو ریلیف حاصل کئے بغیر جانے والے نہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی ظالمانہ شرائط اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں نے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کر دیئے ہیں۔حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔