کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے تحت فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نمازہ ادا کردی گئی۔
نیو ایم اے جناح روڈ پر حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی نماز جنازہ ادا کیے جانے کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ حماس کے سربراہ کو ایران میں شہید کردیا گیا۔ اسماعیل ہنیہ فرد کا نام نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے۔ اسرائیل بزدلانہ حرکت کرکے سمجھتا ہے کہ تحریک کا راستہ رک جائے گا جب کہ حقیقت یہ ہے کہ حماس کی تحریک رک نہیں سکتی بلکہ مزید آگے بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین کو قبرستان بنادیا اس کے باوجود فلسطینی ایمان کی بدولت استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسرائیل کے پشتبان کے سارے منصوبے فلسطینی بچوں نے خاک میں ملا دیے ہیں۔ فلسطین کی آزادی کی تحریک پورے یورپ میں پھیل چکی ہے۔ پورا یورپ نعرے لگارہے ہے کہ Free Free Palestine ۔ آج 40 ممالک کی افواج کہیں نظر نہیں آرہی۔
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اسماعیل ہنیہ کو شہید کر کے فلسطینی مسلمانوں کو جذبے کو مزید تقویت دی ہے۔
امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی معراج جہاد ہے۔ اسلام کی سر بلندی اور دین کی ترویج جہاد سے ہی ممکن ہوئی۔ افغانستان نے پہلے روس اور پھر امریکا کے خلاف جہاد کیا۔ 7 اکتوبر سے اہل غزہ و فلسطینی مسلمان اسرائیل کے خلاف جہاد کررہے ہیں۔ فلسطین کا جہاد جاری ہے، 40 ہزار سے زائد فلسطینی مسلمانوں شہید ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی جہاد میں بڑے بڑے مسلمان اور مدبر بھی شہید ہوچکے ہیں۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ، ان کے بیٹے اور پورے بھی جہاد کرتے ہوئے شہید ہوگئے ہیں۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی خواہش تھی کہ وہ اسرائیل کے خلاف جہاد کرتے ہوئے شہید ہوجائیں اور اللہ نے ان کی دعا قبول کرلی۔
محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ امریکا اور برطانیہ کی طاقت موجود ہے لیکن بد قسمتی سے 58 اسلامی ممالک حماس کی مدد نہیں کی۔ ترکی صدر نے حماس کی کھل کر حمایت اور مدد کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ہم ترک کے صدر کے بیان پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کے حکمران اور اسلامی ممالک کی افواج سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ کھڑے ہوجائیں اور ان کی مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن یوم شہادت اور یوم عزم کا دن ہے۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ امت مسلمہ کے سربراہ تھے ان کی شہادت کا بدلہ لینا ہم سب پر فرض ہے۔


