راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اور اسکے سرپرستوں کو ظلم کی قیمت چکانا ہوگی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ( ایکس ) پر جاری ایک پیغام میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اللہ کا شیر اسماعیل ہانیہ سرخرو ہوگیا، پہلے اپنے خاندان کو راہ خدا میں قربان کیا پھر خود بھی جنت کا مسافر بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کا قیام، ہجرت اور شہادت اللہ کے لیے تھی، اسماعیل ہانیہ نے دنیا کی ظالم ترین طاقتوں کا بے جگری سے مقابلہ کیا۔ ،شہادت ایک مسلمان کی زندگی کا اختتام نہیں بلکہ راحتوں بھری نئی زندگی کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے حکمران اب بھی آنکھیں بند کیے اسرائیل کی خاموش حمایت کرتے رہیں گے؟ ،اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو اس ظلم کی قیمت چکانا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدام نے اس پورے خطے کو نئی آزمائش میں ڈال دیا ہے، صاف نظر آرہا ہے کہ جنگ اب غزہ تک محدود نہیں رہے گی، نئی صف بندی ہوگی ،کیا وقت نہیں آگیا کہ ظالم کے ہاتھ کو کاٹ ڈالا جائے؟

