لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف درج مقدمات اور انکوائریوں کے ریکارڈ سے متعلق درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر اداروں سے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کیس پرسماعت کی۔
عدالت نے وفاقی حکومت، حکومت پنجاب، نیب، ایف آئی اے، پنجاب پولیس سے جواب طلب کرلیا۔
عمران خان کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مجھے تمام مقدمات میں ضمانت ملنے پر رہائی کے قریب نیب نے دوبارہ گرفتار کر لیا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ درج تمام مقدمات، انکوائریز اور نظر بندی کے احکامات طلب کرے، عدالت عالیہ متعلقہ عدالت سے رجوع سے پہلے کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتاری روکنے کا حکم دے۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

