اسلام آباد (آن لائن) وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے ساتھ آبادی کو کنٹرول کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان میں آبادی بہت زیادہ بڑھ چکی، ملک میں آبادی بڑھنے کا بم پھٹ چکا ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اکتوبر میں سالانہ میٹنگ کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈبینک سے کلائمیٹ فنانسنگ پر بات ہوگی، آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری کے بعد ایگزیکٹوبورڈ سے کلائمیٹ فنانسنگ پربھی بات کی جائے گی، رواں ماہ کیاختتام تک آئی ایم ایف ایگزیکٹوبورڈ سے اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری ہوجائیگی۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے ساتھ آبادی کو کنٹرول کرنا ہو گا کیونکہ پاکستان میں آبادی بہت زیادہ بڑھ چکی، ملک میں آبادی بڑھنے کا بم پھٹ چکا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بجٹ، ٹیکس اقدامات، انرجی سیکٹر، معیار زندگی بہتر بنانا ہوگا، وزارت خزانہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی، آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ساتھ مل کرکام کررہی ہیں، آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کی مانیٹرنگ کوبہتربنایاجائیگا،موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں پر مبنی پالیسیاں بنانا ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
