English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ورلڈبینک کی سندھ میں 2 لاکھ سولر سسٹم تقسیم کرنے کے منصوبے کی توثیق

القمر

کراچی ( اسٹاف ر پورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کے درمیان اجلاس میں عالمی بینک کی معاونت سے چلنے والے3 ارب 40 کروڑ روپے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ تمام رکاوٹوں کو دور کرکے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا۔ جائزہ اجلاس بدھ کی صبح وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ناصرحسین شاہ، سعید غنی، سردار شاہ، جام خان شورو، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، صوبائی سیکرٹریز، عالمی بینک کی معاونت سے چلنے والے منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ عالمی بینک کا وفد کامران اکبر، مرتضیٰ نورانی، عمر ریاض، ولید انور ، عظمیٰ صدف اور دیگر پر مشتمل تھا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی موبیلٹی پروجیکٹ کا مقصد مختلف کوریڈورز کے ذریعے شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ منصوبے میںیلو لائن بی آر ٹی کوریڈور کے لیے2 پلوں کی تعمیر ،یلو لائن بی آر ٹی سسٹم کی تکمیل ، منصوبے کے لیے تکنیکی سہولیات اور استعدادکار بڑھانے کے اقدامات شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جام صادق پل6 اگست کو مکمل کرلیا گیا تھا۔ اس پل کی آزمائش 7جولائی کو کرلی گئی تھی جبکہ وزن گزارنے کی آزمائش 12 اگست کو ہوگی۔ اجلاس کو بتایا گیا منصوبے کی بولیاں اپریل2024 میں موصول ہوگئی تھیں۔ عالمی بینک نے اس کی منظوری دے دی ہے اور اگلے ہفتے پپرکو معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں رہائشی سہولیات کوبہتر بنانے کے پروگرام کلک کا مقصد شہری معاملات کا بہتر انتظام، خدمات کی فراہمی ، کاروباری ماحول کو سازگار بنانے اور کسی بھی بحران میں بروقت امدادی کارروائیوں کو یقینی بنانا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پراپرٹی ٹیکس سروے کیلیے گرافک انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس اور مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) بنایا جا رہا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ تکنیکی تفصیلات عالمی بینک کو فراہم کردی گئی ہیں،30اگست تک کمپنی کو بھی شامل کرلیا جائیگا۔ کراچی واٹر اینڈ سیویریج پروگرام کے حوالے سے بھی بتایا گیا ۔ عالمی بینک کی ٹیم کو بتایا گیا کہ منصوبے کی تمام بڑی خریداریوں کے ٹینڈر جاری کیے جاچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ عالمی بینک نے کے فور کے لیے 23کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کردیے ہیں، صوبائی حکومت اپنا حصہ جاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے پر کام کا آغاز جلد کردیا جائیگا۔ سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے بارے میں بتایا گیا کہ اس کا مقصد صوبے میں شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار اور عوام کو منتقلی ہے۔ منصوبے کے تحت سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن اور ہوم سولر سسٹم کی تقسیم کے علاوہ سولر پارکس بھی قائم کیے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سولر پارک کے قیام کے لیے ٹھیکے دے دیے گئے ہیں لیکن این ٹی ڈی سی کی جانب سے اس کو گرڈ کے ساتھ ملانے کیلیے نیپرا جائزہ رپورٹ کی منظوری کا انتظار ہے۔عالمی بینک کی ٹیم نے2 لاکھ خاندانوں میں ہوم سولر سسٹم کی تقسیم کیلیے حکومت سندھ کو گرین سگنل دے دیا۔ سندھ میں ابتدائی تعلیم کی بہتری کے پروگرام سلیکٹ کے بارے میں بتایا گیا کہ پروگرام کا مقصد پرائمری کی ابتدائی کلاسوں میں تعلیمی مہارت کو بہتر بنانا اور مخصوص اضلاع میں پرائمری کلاسوں میں بچوں کے داخلے کو بڑھانا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی کلاسوں کے بچوں کو سکھانے کی ضروریات پورا کرنے کیلیے مقامی طور پر کچھ اشیا تیار کی گئی ہیں۔ پہلی اور دوسری جماعت کے لیے تیار کردہ یہ سامان ستمبر دو ہزار چوبیس تک دستیاب ہوگا۔اجلاس میں سندھ پانی و زرعی بہتری کے پروگرام (سوات)سمیت دیگر منصوبوںسے متعلق آگاہی دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک ماہ بعد دوبارہ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے