بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس صرف 2 مہینے کا وقت ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے معافی مانگ لی۔
راولپنڈی اڈیالا جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اگر موجودہ حکومت کی زیر نگرانی دوبارہ الیکشن ہوئے تو ہم نہیں مانیں گے، مجھ سے مذاکرات کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا، جتنے مقدمات بنانے ہیں بنالیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، حکومت میں موجود ریلو کٹے فوج کو کہتے ہیں کہ فوج پی ٹی آئی کو ختم کردے ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس صرف 2 مہینے کا وقت ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے معافی مانگ لی، ملک میں کچھ بڑا ہونے والا ہے، کوئی اگر بات نہیں کرنا چاہتا تو نہ کریں میں بھی نہیں کروں گا، حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے، یہ بیوقوف ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہی، میرے پاس بہت وقت ہے ، ان کے پاس وقت ختم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ملک کی خاطر بات کرنے کو تیار ہوں، سانحہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث ہیں تو سامنے لائیں اگر وہ لوگ پی ٹی آئی کے ہوئے تو معافی بھی مانگوں گا اور سزا بھی دوں گا، اگر کوئی تنظیمی عہدیدار پیٹرول بم پھینکنے میں ملوث ہے تو کڑی سزا دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کروں گا، شناخت نہیں بتاسکتا ورنہ ویگو ڈالا پہنچ جائے گا،9 مئی کو ہمارے 16 لوگ شہید ہوئے، پولیس نے دباؤ ڈالا کہ ہم اس حوالے سے کوئی بات نہ کریں۔

