مقبوضہ بیت المقدس: صہیونی ریاست کے وزیراعظم نیتن یاہو نے 7 اکتوبر 2023ء کو ہونے والے حماس کے حملے کو روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ٹائمز میگزین کو ایک انٹرویو کے دوران صہیونی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کو حماس کا حملہ روک نہ سکنے پر بے شک میں معافی مانگتا ہوں اور میں دل کی گہرائی سے معافی کا خواستگار ہوں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل تک نیتن یاہو نے اپنی حکومت میں سیکورٹی ناکامی کا ابھی تک اعتراف نہیں کیا تھا۔
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے 7 اکتوبر 2023ء کو کیے گئے حملے جس میں فلسطینی مجاہدین نے اسرائیلی فوج کو ناکوں چنے چبوا دیے تھے، کو یاد کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ ہم اس وقت کو سوچتے ہیں تو تب ذہن میں آتا ہے کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے تھا اور ہم کیا نہیں کر سکے۔
نیتن یاہو نے حماس کے شہید رہنما اسماعیل ہنیہ پر ایران میں ہونے والے حملے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے روایتی ڈھٹائی کا مظاہرہ کیا اور کہا کہ اس پر ہم کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ بات نہیں بتاؤں گا کہ اس معاملے میں اسرائیل ملوث تھا یا نہیں تھا۔

