English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حیدرآباد ،میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی کام چھوڑو ہڑتال

القمر

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) میونسپل کمیٹی کوٹری اور میونسپل کمیٹی بھولاری جامشورو کے ملازمین رواں سال کے بجٹ میں اضافہ کی گئی تنخواہ ماہ جولائی میں نہ ملنے اور میونسپل کمشنر و چیئرمین کی جانب سے پرانی تنخواہیں برقرار رکھنے کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے اور کام چھوڑ ہڑتال کرکے ایم سی آفس کے سامنے احتجاج کیا اور مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی کوٹری یونین کے صدر اُمید علی سپیو نے اپنے خطاب میں کہا کہ رواں سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں جو اضافہ کیا گیا ہے وہ اضافہ ماہ جولائی کی تنخواہوں میں ملنا تھا، لیکن ملازمین کو پرانی تنخواہ ادا کی جا رہی ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملازمین پورا سال روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی کا مقابلہ کرتے ہیں، جبکہ ملازمین کو گزشتہ 2 سال سے بجٹ میں بڑھنے والی تنخواہیں بھی تاخیر سے دی گئی ہیں، لیکن اب ملازمین اپنا حق وقت لیں گے اور تنخواہوں میں کسی صورت تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔ یونین کے صدر اُمید علی سپیونے کہا کہ جبکہ سندھ حکومت نے میونسپل چیئرمین کو واضح ہدایت جاری کی ہیں کہ ملازمین کو کونسل کے اخراجات سے تنخواہیں بڑھا کر دی جائیں، لیکن میونسپل کمیٹی کوٹری و بھولاری میونسپل اکائونٹس افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور وہ اپنی من مانی کرتے ہوئے ملازمین کو پرانی تنخواہیں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملازمین کو فوری جولائی کی تنخواہیں اور بقایاجات ادا نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ڈی سی جامشورو آفس کے سامنے بھوک ہڑتال کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے